ٹوئٹر کے پرندے والے پرانے لوگو کو واپس کس طرح لایا جاسکتا ہے؟

ٹوئٹر کے پرندے والے پرانے لوگو کو واپس کس طرح لایا جاسکتا ہے؟
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر یا جس کو اب ایکس کا نام دیا گیا ہے کو گذشتہ دنوں ری برانڈ کیا گیا تھا جس کے دوران اس کا مشہور پرندے کا لوگو (logo) بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں پرندے کی بجائےایکس لوگو کو متعارف کرایا گیا پھر اس کے بعد یہ تبدیلی اینڈرائیڈ ایپ میں کی گئی۔ویسے تو موبائل ایپ میں کی جانے والی یہ تبدیلی پر صارفین کچھ نہیں کر سکتے ہیں مگر اس کے مشہور لوگو کو ڈیسک ٹاپ سائٹ پر واپس لانا ممکن ہے۔ جی ہاں واقعی ایک طریقے سے پرندے کا لوگو واپس بھی لایا جا سکتا ہے۔ اگر آپ کرومیم پر مبنی ویب براؤزر جیسے ایج، کروم یا اوپیرا استعمال کر رہے ہیں تو ایک ویب ایکسٹینشن ' twitter_icon_x_to_bird ' سے ایکس لوگو کو پرندے سے تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس نئی ایکسٹینشن کو اب تک 10 ہزار سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے اور صارفین کی جانب سے اس حوالے سے کافی مثبت رائے کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔اس ایکسٹینشن کو کروم ویب اسٹور پر جاکر تلاش کیا جا سکتا ہے اور وہاں اسے تلاش کرکے انسٹال بھی کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ 24 جولائی کو ٹوئٹر کا لوگو تبدیل کرنے کے بعد سے ایلون مسک نے اس فیصلے کی وضاحت اس پلیٹ فارم پر اپنے ایک میسج میں کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ 'یہ محض ایک کمپنی کا نام تبدیل کرنا نہیں ہے کہ جو نام بدل کر بھی ماضی کی طرح کام کرتی رہے، درحقیقت ٹوئٹر نام اس وقت سمجھ میں آتا تھا جب ایک میسج 140 حروف پر مشتمل ہوتا تھا، جیسے پرندے چہچہا (ٹوئٹنگ) رہے ہوں'۔ انہوں نے کہا کہ ٹوئٹر کو ایکس کارپوریشن نے خرید کر اظہار رائے کی آزادی اور سپر ایپ ایکس کی جانب سفر کو یقینی بنایا ہے، اب آپ اس میں لگ بھگ سب کچھ ہی پوسٹ کر سکتے ہیں، یہاں تک کہ کئی گھنٹے طویل ویڈیوز بھی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔