ًممبئی (ویب ڈیسک) عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم رادھے کو فلم بینوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں اسکرین رائٹر اور فلم پروڈیوسر سلیم خان نے بھی اپنے بیٹے سلمان خان کی فلم کے بارے میں منفی تبصرہ کیا ہے۔
سلیم خان نے کہا کہ وہ نہیں سوچتے کہ ‘رادھے’ ایک ’زبردست فلم ہے‘ اور وہ محسوس کرتے ہیں کہ ‘بجرنگی بھائی جان ایک اچھی اور بالکل مختلف فلم تھی۔ واضح رہے کہ پربھو دیوا کی ہدایتکاری میں بننے والی رادھے 1.8 / 10 کے اسکور کے ساتھ آئی ایم ڈی بی ریٹنگ میں سلمان خان کی سب سے کم درجہ بندی والی فلم بن گئی ہے۔
سلیم خان کا کہنا تھا کہ رادھے کسی بھی طرح بڑی فلم نہیں ہے، لیکن کمرشل سنیما پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہر شخص کو پیسہ مل سکے۔ فنکاروں سے لے کر پروڈیوسر، تقسیم کار، نمائش کنندگان اور ہر اسٹیک ہولڈر کو رقم ملنی چاہئے۔ جو سنیما خریدتا ہے اسے پیسہ ضرور ملنے چاہیے، اسی طرح سنیما کا کاروبار چلتا رہتا ہے اور اسی بنا پر سلمان نے پرفارم کیا ہے۔ اس فلم کے اسٹیک ہولڈرز فائدے میں رہے ہیں بصورت دیگر رادھے اتنی بڑی فلم نہیں ہے۔
جب اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ بڑے بجٹ کی فلمیں ہونے کے باوجود سلمان کی فلموں میں اچھے مصنفین کیوں نہیں ہوتے ہیں ، تو سلیم خان نے کہا “فلم انڈسٹری کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ یہاں اچھے مصنف نہیں ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ لکھنے والے ہندی یا اردو میں ادب نہیں پڑھتے ہیں۔ وہ باہر سے کچھ بھی دیکھتے ہیں اور اسے ہندوستانی بنانے کی دوڑ میں شامل ہوجاتے ہیں۔ فلم زنجیر ہندوستانی سنیما کا گیم چینجر تھا۔ اس فلم نے ہندوستانی سینما کو دوبارہ صحیح راہ پر گامزن کر دیا۔ لیکن اس کے بعد سے ابھی تک اس صنعت کو سلیم-جاوید کی جگہ لینے والا کوئی لکھاری نہیں ملا، ایسی صورتحال میں سلمان کیا کرسکتا ہے؟
جب اسکرین رائٹر کو بتایا گیا کہ تجارتی ماہرین یہ محسوس کرتے ہیں کہ سلمان کا کیریئر ختم ہوچکا ہے تو سلیم خان نے کہا جیسے ہی سلمان ایک کامیاب فلم پیش کریں گے، ماہرین ایک بار پھر ان کی تعریف کرنا شروع کردیں۔