ماہرہ خان کو کبھی نہ لینےوالےخلیل الرحمٰن نے انہیں کاسٹ کیوں کیا؟وجہ سامنے آگئی

ماہرہ خان کو کبھی نہ لینےوالےخلیل الرحمٰن نے انہیں کاسٹ کیوں کیا؟وجہ سامنے آگئی
کیپشن: خلیل الرحمٰن قمر نے ماہرہ خان کو اپنی فلم میں کیوں لیا؟وجہ سامنےآگئی

ویب ڈیسک:مشہور ڈرامہ رائٹر، ہدایتکار و شاعر خلیل الرحمٰن قمر نے اداکارہ ماہرہ خان کو اپنی نئی فلم میں کاسٹ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک پوڈ کاسٹ میں خلیل الرحمٰن قمر نے انکشاف کیا کہ ان کی نئی فلم  ’مرزا جٹ‘ میں ہیروئن کا کردار اداکارہ ماہرہ خان ادا کریں گی جبکہ فلم کے ہیرو اداکار ہمایوں سعید ہوں گے۔
اداکارہ سے متعلق بات کرتے ہوئے خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان سے معافی مانگنے کے مطالبے پر اب بھی قائم ہوں تاہم کام اپنی جگہ پر ہے اور کام تو کرنا ہے نا۔
واضح رہے کہ مارچ 2020 میں خلیل الرحمن قمر نے ایک ٹی وی شو میں سماجی رہنما ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان کا استعمال کیا تھا اور ان کے بیان پر ماہرہ خان نے بھی افسوس کا اظہار کیا تھا۔
ماہرہ خان نے خلیل الرحمٰن قمر کی جانب سے سماجی رہنما ماروی سرمد کے لیے ٹی وی کے پروگرام پر نامناسب زبان استعمال کیے جانے پر ٹویٹ کی تھی۔


ماہرہ خان نے خلیل الرحمٰن قمر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ وہ ٹی وی اسکرین پر عورتوں کی تضحیک کرنے والے شخص کی جانب سے ماروی سرمد کے لیے کہے گئے الفاظ پر حیران ہیں۔
اداکارہ نے ڈراما نگار کے نام کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ وہی شخص ہیں، جنہیں عورتوں کی تضحیک کے بعد ایک کے بعد ایک منصوبہ دیا جاتا ہے۔
بعد ازاں اپریل 2021 میں خلیل الرحمٰن قمر نے ماہرہ خان کی جانب سے اپنے خلاف ٹویٹ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ماہرہ خان کی جانب سے ان کے خلاف مئی 2020 میں کی جانے والی ٹویٹ کو ’نامناسب و چونکا دینے‘ والی تھی۔
خلیل الرحمٰن قمر نے ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا تھا۔ خلیل الرحمٰن قمر نے مختلف انٹرویوزمیں ماہرہ خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔ خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ جب تک ماہرہ خان ان سے سر عام معافی نہیں مانگیں گی وہ کبھی ان کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔
خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ ڈرامہ ’صدقے تمہارے‘ میں ماہرہ خان کو کاسٹ کیا جانا گناہ تھا اور وہ اس گناہ پر ہمیشہ ملامت کرتے رہیں گے‘۔

Watch Live Public News