لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب میں وزیراعلی کی تبدیلی کے لیے متحرک ہو گئی، پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کا ٹاسک سابق صدر آصف زرداری کو دے دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کے اسمبلیوں سے نکلنے کے اعلان پر وزیراعظم شہبازشریف آج اتحادیوں سے اہم مشاورت کریں گے۔ ذرائع بتا رہے ہیں کہ اگلے 48 گھنٹوں میں پرویز الہی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع ن لیگ کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے کی ایڈوائس پر گورنر پنجاب فوری ایکشن نہیں لیں گے، گورنر ایڈوائس پر قانونی اور آئینی انداز میں کھیلیں گے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کی ایڈوائس پر گورنر حاجی غلام علی بھی فوری فیصلہ نہیں کریں گے۔کے پی میں آج بھی اپوزیشن جماعتیں اپنی حکمت عملی کے لیے سر جھوڑ کر بیٹھیں گی۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور اتحادیوں نے عمران خان کے ممکنہ طور پر اسمبلیوں سے نکلنے کے باوجود دباو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تحریک انصاف کے استعفوں کی صورت میں مرحلہ وار ضمنی انتخابات کروانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔