امین الحق کی فیس بک حکام سے ملاقات، پاکستان میں دفتر کھولنے پر تبادلہ خیال

امین الحق کی فیس بک حکام سے ملاقات، پاکستان میں دفتر کھولنے پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق نے رومانیہ میں فیس بک کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات کی ہے، جس میں فیس بک کی مالک میٹا سے پاکستان میں جلد اپنا رابطہ آفس کھولنے اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان کی 22 کروڑ کی آبادی میں فیس بک صارفین کی تعداد ساڑھے 4 کروڑ سے زائد ہے، جس تیزی سے کنکٹیویٹی فراہمی کے منصوبے مکمل کررہے،آئندہ چند سال میں یہ تعداد ڈبل ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ فیس بک صارفین سے فوری رابطوں کیلئے پاکستان میں اپنا دفتر قائم کرے۔ میٹا کی جانب سے پاکستان میں تیزی سے پھیلتی کنکٹیویٹی اور انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں اضافے پر اظہار اطمینان کیا گیا۔میٹا وفد نے کہا کہ میٹاورس کے استعمال اور انٹرنیٹ مستقبل کیلئے باہمی تعاون کی ضرورت ہے، میٹاورس سے پاکستان طویل مدتی معاشی فوائد حاصل کرسکتا ہے، جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس ملاقات میں اقوام متحدہ جنیوا آفس میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی، پاکستانی سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال شریک ہوئے۔ چیف ایگزیکٹیو یونیورسل سروس فنڈ حارث محمود چوہدری نے وفد کو پاکستان میں براڈ بینڈ سروسز پراجیکٹس سے آگاہ کیا۔ فیس بک وفد میں ڈاکٹراسماعیل شاہ،ڈاکٹر رابرٹ پیپر،تھامس ناوین،مائیکل سیٹلن،مارک گیرورڈ اور الاریا بینسیوینگا شامل تھے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔