راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دشمن عوام و افواج میں دراڑ ڈالنے کی سازشیں کررہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 147ویں پی ایم اے لانگ کورس 13ویں مجاہد کورس، 66ویں انٹیگریٹڈ کورس، چھٹے بیسک ملٹری ٹریننگ کورس اور 21ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ریاست کا محور پاکستان کے عوام ہیں ، پہلی اور سب سے اہم ذمہ داری ریاست پاکستان کے ساتھ وفاداری اور پاکستان کی مسلح افواج کو تفویض کردہ آئینی کردار سے وابستگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے عوام کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ مقدس کچھ نہیں ہے اور کوئی فرض مادرِ وطن کی حفاظت سے زیادہ اہم نہیں ہے ، فوج ہمارے عظیم قائد کے نظریہ پر عمل پیرا ہے جس میں رنگ، نسل، ذات، جنس یا علاقائی تفریق نہیں ہے ۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ امن کیلئے ہماری کوششوں کو کسی صورت بھی کمزوری نہ سمجھا جائے ، ہم اپنے مادر وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، پاک فوج اپنے اس فرض کو نبھانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ۔ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے غیور اور سر بکف سپاہی دشمن کی تعداد یا وسائل سے مرعوب نہیں ہوتے ہیں ، افواج پاکستان اپنے مضبوط قوت ارادی ، وعدہ پروردگار اور اسی کے تابع فرمان ہیں ۔ آرمی چیف نے قران مجید کی سورہ بقرہ کی آیہ کریمہ کے ایک حصے کی تلاوت بھی کی ، جسکا ترجمہ ہے کہ "کتنی ہی بار ایسا ہوا ہے کہ اللہ کی مرضی سے چھوٹی قوت نے بڑی طاقت کو شکست دی "۔ آرمی چیف نے زور دیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی ملک میں کوئی جگہ نہیں، ہمیں اپنے ظاہری اور چھپے ہوئے دشمن کو پہچاننا ہو گا اور اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں واضح فرق روا رکھنا ہو گا، دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے، عوام اور پاک فوج کے باہمی رشتے کو قائم و دائم رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن ریاستی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتا ہے ، بیش بہا قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہونے والے امن کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ افغانستان میں استحکام ہماری سلامتی کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ، پاکستان کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کیلئے ان کی تاریخی جدوجہد اور حق خودارادیت کیلئے ان کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا ، عالمی برادری کو یہ جان لینا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیرعلاقائی امن ہمیشہ مبہم رہے گا۔