ایلون مسک کی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نئے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو جاری کیے گئے بلیو ٹِک ہٹانا شروع کردیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر نے یہ بلیو ٹک سرکاری عہدیداروں، تنظیموں،صحافیوں، مختلف اداروں اور شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ دیگر نامور شخصیات کے اکاؤنٹس کی تصدیق کے بعد مفت جاری کئے تھے ۔ ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے کے بعد سے ہی صارفین کے بلیو ٹک ہٹانا بہت بڑی تبدیلی ہے ۔ ٹوئٹر کی نئی پالیسی کے مطابق معروف امریکی گلوکارہ بیونسے، فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سمیت بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے نامور اداکاروں کے اکاؤنٹس سے بھی بلیو ٹک کو ہٹا دیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے شکار ہونے والی اہم بھارتی شخصیات میں امیتابھ بچن، عالیہ بھٹ، پریانکا چوپڑا ، شاہ رخ خان اور کرکٹر وراٹ کوہلی کے علاوہ دیگر شامل ہیں ۔ ارب پتی شخصیات کی فہرست میں شامل اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے اکاؤنٹ سے بھی ٹوئٹر نے بلیو ٹک کو ہٹا دیا ہے ۔ خیال رہے کہ چند ایسی شخصیات بھی ہیں کہ جن کی ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس ایلون مسک خود ادا کر رہے ہیں، ان میں سے امریکی باسکٹ بال کھلاڑی لیبران جیمز ، امریکی مصنف اسٹیفن کنگ اور کینیڈین اداکار ولیم شینٹر شامل ہیں ۔ ٹوئٹر کے اس اقدام کے باعث بلیو ٹک ہٹ جانے سے کسی بھی اکاؤنٹ کے اصلی ہونے کا اندازہ لگانا مشکل ہوگیا ہے ۔ یاد رہے کہ ایلون مسک نے 11 اپریل کو ٹویٹ کیا تھا کہ 20 اپریل کو تمام اکاؤنٹس سے بلیو ٹک کی سہولت واپس لے لی جائے گی ۔ ایلون مسک نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ بلیو ٹک حاصل کرنے کے لئے سبسکرپشن لینا پڑے گی جس کے لئے ماہانہ یا سالانہ فیس بھی ادا کرنا ہوگی ۔ بلیو ٹِک مارک انہی اکاؤنٹس کو جاری کیا جائے گا کہ جنہوں نے ٹوئٹر بلیو کے تحت سبسکرپشن پلان حاصل کیا ہوگا ۔ ٹوئٹر نے ہر ملک کے صارفین کے لئے سبسکرپشن پلان کی فیس مختلف رکھی ہے ، امریکا میں رہنے والے صارفین کو آئی او ایس یا اینڈرائیڈ موبائل فونز پر ماہانہ 11 ڈالر یا سالانہ 114.99 ڈالر ادا کرنا ہوں گے جب کہ ویب پر استعمال کیلئے 8 ڈالر ماہانہ اور 84 ڈالر سالانہ فیس ہوگی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی صارفین کو سالانہ پلان کے لئے 23 ہزار 700 روپے اور ماہانہ پلان کے لئے 2 ہزار 250 روپے ادا کرنا ہوں گے ۔ ٹوئٹر نے کاروباری اداروں اور تنظیموں کیلئے بھی علیحدہ پروگرام لانچ کیا ہے جس کے تحت انہیں تصدیقی بیج کے حصول کے لئے ماہانہ 1 ہزار ڈالر ادا کرنا ہوں گے ۔ مختلف کمپنیوں ، برانڈز اور غیر منافع بخش تنظیموں کو گولڈن بیج جب کہ حکومتی اداروں کو گرے بیج جاری کیا جائے گا ۔ ٹوئٹر کی جانب سے سال 2009ء میں پہلی مرتبہ تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو مفت بلیو ٹِک جاری کرنے کا عمل شروع کیا تھا ۔