شہبازشریف ہتک عزت کیس میں سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی اپیل خارج کر دی۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے عمران خان کی اپیل پر سماعت کی۔ عدالت کی جانب سے عمران خان کی حق دفاع ختم کرنے کی اپیل کی درخواست مسترد کی گئی ہے۔اس سے قبل عمران خان کی ہائیکورٹ سے بھی اپیل کی درخواست مسترد ہو چکی ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے دلائل پیش کیے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب مصطفی رمدے نے دلائل پیش کیے۔ عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیے کہ ٹرائل کورٹ نے عمران خان کا حق دفاع غیرقانونی طور پرختم کیا، ٹرائل کورٹ کو حق دفاع ختم کرنے کا ازخود کوئی اختیار حاصل نہیں ۔بیرسٹر علی ظفر نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے ہمارے کیس میں ازخود اختیار استعمال کیا۔ خیال رہے کہ شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف 10 ارب ہرجانے کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔ عمران خان نے شہباز شریف پر پانامہ کے معاملے پر رشوت کی آفر کا الزام لگایا تھا، جواب داخل نہ کرنے پر سیشن عدالت نے عمران خان کا حق دفاع ختم کر دیا تھا اور لاہور ہائیکورٹ نے بھی ٹرائل کورٹ کو فیصلہ برقرار رکھا تھا۔