عمران خان کو اسمبلی میں بطور وزیر اعظم لائیں گے:پی ٹی آئی رہنما

عمران خان کو اسمبلی میں بطور وزیر اعظم لائیں گے:پی ٹی آئی رہنما
کیپشن: عمران خان کو اسمبلی میں بطور وزیر اعظم لائیں گے:عمر ایوب

ویب ڈیسک:  رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسمبلی میں بطور وزیر اعظم لائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت قرضے درست طریقے سے استعمال کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، عالمی مالیاتی ادارے چاہتے ہیں کہ ان کے قرض کا درست استعمال ہو۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اسمبلی میں بطور وزیر اعظم لائیں گے، عوام کے مسائل کے خاتمے کی بھرپور کوششں کریں گے۔

پارلیمان کے اندر وہ لوگ جائیں جو خودکو عوامی نمائندہ کہہ سکتے ہیں:بیرسٹرگوہر

بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی قسم کی ایک (5th generation) ریگنگ ہوئی ہے، اس مرتبہ دھاندلی کا طریقہ بلکل مختلف تھا، پارلیمان کے اندر صرف وہ لوگ جائیں جو اپنے آپ کو عوامی نمائندہ کہہ سکتے ہیں۔

کہا تھا ہمارا لیڈر دوتہائی اکثریت سے آئے گا: علی محمد خان
میڈیا سے گفتگو میں رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان کا کہنا تھا کہ میں نے کہا تھا ہمارا لیڈر دوتہائی اکثریت سے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ 180 نشستیں جیت چکے تھے، فارم 47 میں ہمارے ساتھ دھاندلی ہوئی، ہم نے آئی ایم ایف کو نشاندہی کرائی ہے کہ الیکشن صاف شفاف ہوئے ہیں۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ ملک میں انصاف کا بول بالا ہو۔

 آج پارلیمنٹ میں سرپرائز دیں گے، شیر افضل مروت 

شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پارلیمنٹ میں سرپرائز دیں گے، جو اجنبی لوگ پارلیمان میں فارم 47 پر آئے ہیں، وہ ایم این اے نہیں ہیں آج پارلیمان میں بیٹھے ہونگے، ان لوگوں کا اسمبلی میں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں ہے، ان لوگوں کو یہ سیٹیں ہضم نہیں کرنے دیں گے، آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا معاملہ بانی پی ٹی آئی  عمران خان دیکھیں گے۔

میرے والد نےبہت بڑی قربانی دی ہے،زین قریشی

شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ والد صاحب کو مِس کر رہا ہوں، آج وہ یہاں ہوتے تو انکے لئےفخر کا مقام ہوتا، ان کی غیر موجودگی میں ظاہر ہے دل بھاری ہے انہوں نے بہت بڑی قربانی دی ہے، انکی قربانی کی وجہ سے نہ صرف میں بلکہ میرے جیسے کئی ایم این ایز الیکٹ ہو کر آئے ہیں۔