بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کا رمضان سے قبل عوام کو بجلی کا جھٹکا لگانے کا فیصلہ، بجلی کنکشنز کی فیس ایک مرتبہ ہھر اضافہ کر نے کے لئے نیپرا میں درخواست دائر کر دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کے کنکشن کی سیکیورٹی فیس 1220 سے 18000 روپے کرنے کی استدعا کی گئی ہے جبکہ نیپرا کی عوامی سماعت اور منظوری کے بعد سنگل فیز میٹر کنکشن لینے والوں صارفین کو مجموعی طور پر 24000 روپے تک ادا کرنا پڑیں گے۔
10 کلو واٹ سے کم لوڈ لینے والوں کو 20000 روپے فی کلو واٹ سے ادا کرنا ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں سیکیورٹی 610 سے بڑھا کر 7800 روپے فی کلوواٹ کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔
دس مرلہ سے زائد اراضی کے حامل صارفین کو پراپرٹی ریٹ کا ایک فیصد بھی ادا کرنا پڑے گا۔ کمرشل اور صنعتی صارفین کے لئے بھی سیکیورٹی فیس میں اضافہ کیا جائیگا۔
کمرشل اور چھوٹی صنعت کے لئے سیکیورٹی فیس 2010 سے بڑھا کر 57000 روپے فی کلوواٹ کرنے کی درخواست دے دی گئی جبکہ صنعتی، سٹریٹ لائٹس، ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے لئے بھی سیکیورٹی بڑھانے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
نیپرا میں سماعت کے بعد سیکیورٹی فیس بڑھا کر ڈیمانڈ نوٹسز کا اجراء کیا جائیگا ۔ قبل ازیں جولائی 23 میں بھی کنکشن فیس بڑھائی گئی۔