مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوھدری نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو یکسر مسترد کر دیا۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے فی لیٹر اضافہ کو یکسرمسترد کرتے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا۔ کاشف چو ہدری نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کیلئے ایک وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا دیا ہے، حکومت فوری طور پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ واپس لے،حکومت و اپوزیشن اپنی نااہلیوں کا بوجھ عوام پر نہ ڈالیں ۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35، روپے کا اضافہ کردیا ہے۔ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرے ہوئے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 35، 35 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18، 18 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 35 روپے کے اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 262 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ 18 روپے کے اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 189 روپے 83 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 187 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔