واشنگٹن : اردن میں 3 فوجیوں کی ہلاکت پر امریکی صدر جوبائیڈن نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اردن میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا ضرور جواب دے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدرجو بائیڈن کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہمیں مشرقِ وسطیٰ میں مشکل دن کا سامنا کرنا پڑا، شام کی سرحد کے قریب شمال مشرقی اردن میں فوجی اڈے پر تعینات امریکی افواج پر بغیر پائلٹ کے ڈرون حملے میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے۔
امریکی صدر نے حملے کا ذمہ دار ایران کے حمایت یافتہ گروپ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اردن میں 3فوجیوں کی ہلاکت کا ضرور جواب دے گا اور اس کیلئے ’’وقت اور طریقہ کار کا تعین ہم خود کریں گے۔
اسرائیل کی غزہ میں جاری فلسطینیوں کی نسل کشی کے جواب میں مشرق وسطیٰ میں ریزسٹنس گروپوں نے گزشتہ کئی ماہ میں امریکی فورسز پر حملے کیے ہیں جن میں کئی فوجی زخمی ہوئے تاہم پہلی بار کسی حملے میں امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں ۔