پی ٹی آئی کو بڑاجھٹکا،اعظم سواتی کیلئے عدالت سے اہم خبرآگئی

پی ٹی آئی کو بڑاجھٹکا،اعظم سواتی کیلئے عدالت سے اہم خبرآگئی
کیپشن: پی ٹی آئی کو بڑاجھٹکا،اعظم سواتی کیلئے عدالت سے اہم خبرآگئی

ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے کیسز دوسرے جج کے پاس ٹرانسفر کرانے کی درخواست خارج کر دی۔

تفصیلا ت کے مطابق  چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے اعظم سواتی کی اے ٹی سی جج خالد ارشد کی عدالت سے عبوری ضمانتیں ٹرانسفر کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ اے ٹی سی کے جج خالد ارشد نے کہا کہ میں نے یو ایس بی دیکھی ہے، جن لوگوں نے تقاریر کی ہیں وہ قصور وار ہیں، جج صاحب نے اپنا ذہن واضح کر دیا ہے لہٰذا مذکورہ عدالت عبوری ضمانت کی درخواستیں نہیں سن سکتی۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ اے ٹی سی جج خالد ارشد کی عدالت سے کیس ٹرانسفر کرنے کا حکم دے۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ کیس ٹرانسفر کرنے کے لیے آپ کے دلائل کیا ہیں؟

اعظم سواتی کے وکیل نے کہا کہ عدالت یہ کہے کہ ہم نے خود یو ایس بی دیکھی اور اس میں آپ کی تصاویر ہیں، آپ کی تقاریر ہیں، آپ قصور وار ہیں، ایسی صورت میں جج صاحب نے اپنا ذہن واضح کردیا ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ جج صاحب پر الزام لگانے سے پہلے اپنی گراؤنڈ بتائیں، آپ کیس میں شامل تفتیش ہوں۔

اعظم سواتی کے وکیل نے کہا کہ ہم بار بار شامل تفتیش ہو رہے ہیں۔

وکیل اعظم سواتی نے عدا لت سے استدعا کی کہ ہمیں تیاری کیلئے مزید مہلت دی جائے۔

جسٹس مس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کہ مزید مہلت نہیں مل سکتی۔

بعدازاں عدالت نے اعظم سواتی کی عبوری ضمانتیں اے ٹی سی جج خالد ارشد کی عدالت سے ٹرانسفر کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

Watch Live Public News