(ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے 3 مختلف آپریشن میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع مہمند نے سیکیورٹی فورسز کا جوائنٹ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، مہمند میں ہونے والی کارروائی میں خارجی دہشت گرد قاری فتنہ سمیت تین دہشت گرد مارے گئے ۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مہمند میں ہونے والی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کردیا گیا، اسلحے کا ذخیرہ گولا بارود بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ شدید فائرنگ کے نتیجے میں خیبر پختون خوا پولیس کے کانسٹیبل ابرار حسین شہید ہوگئے ان کا تعلق صوابی سے ہے۔ شہید پولیس کانسٹیبل ابرار حسین نے دہشت گردوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسرا انٹیلیجنس بیسڈ اپریشن ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والی کارروائی میں فتنہ الخوارج کا دہشت گرد خارجی صفت اللہ عرف ملا منصور مارا گیاہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں تین خارجی دہشت گرد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خارجی دہشت گرد صفت اللہ 12 دسمبر 2023 کو ہونے والے خود کش حملے سمیت دہشت گردی کی کئی کاروائیوں میں ملوث تھا،خارجی دہشت گرد صفت اللہ عرف ملا منصور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تیسری کارروائی شمالی وزیرستان میں کی گئی۔شمالی وزیرستان میں ہونے والی کارروائی میں بھی فتنہ الخوارج کا 1 دہشت گرد جہنم واصل ہوا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان بھر میں امن اور استحکام کو یقینی بنا نے کے لیے سیکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔