کرن جوہر سانحہ جلیانوالہ باغ پر فلم بنائیں گے

کرن جوہر سانحہ جلیانوالہ باغ پر فلم بنائیں گے

ممبئی(ویب ڈیسک) کرن جوہر نے اپنی اگلی فلم سانحہ جلیانوالہ باغ پر بنانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فلم کتاب دی کیس ڈیٹ شاک دی امپائر پر مبنی ہو گی، جس میں سی سنکرن نائر کی جلیانوالہ باغ قتل عام کے واقعے کی حقیقت کو بے نقاب کرنے کی جدوجہد کو دکھایا جائے گا۔ اس بایوپک کی ہدایت کاری کرن سنگھ تیاگی کریں گے۔

کرن جوہر نے اپنی اگلی پروڈکشن کے بارے میں ایک اعلان کیا ہے۔ فلم سی سنکرن نائر کی زندگی سے متاثر ہو گی ، جنہوں نے جلیانوالہ باغ قتل عام کے بارے میں سچائی سامنے لانے کے لیے برطانوی راج سے کمرہ عدالت میں قانونی لڑائی کی تھی۔

11 جولائی 1857 کو پیدا ہونے والےسی سنکرن نائر ایک وکیل تھے جنہوں نے 1897 میں امراوتی میں انڈین نیشنل کانگریس کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ واحد ہندوستانی نمائندہ ہونے کے ناطے انہوں نے جلیانوالہ باغ قتل عام کے بعد وائسرائے کی ایگزیکٹو کونسل سے بطور احتجاج استعفیٰ دے دیا تھا۔

واضح رہے کہ جلیانوالہ باغ کا سانحہ برطانوی ہند کی تاریخ میں ایک شرم ناک باب کی حیثیت رکھتا ہے۔ جلیانوالہ باغ کا قتلِ عام، جسے امرتسر قتلِ عام بھی کہا جاتا ہے، 13 اپریل، 1919ء کو واقع ہوا جب پرامن احتجاجی مظاہرے پر برطانوی ہندوستانی فوج نے جنرل ڈائر کے احکامات پر گولیاں برسا دیں۔ برطانوی حکومت نے ہلاک شدگان کی تعداد 379 جبکہ زخمیوں کی تعداد 1٬200 بتائی۔ دیگر ذرائع نے ہلاک شدگان کی کل تعداد 1٬000 سے زیادہ بتائی۔ اس ظلم نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا اور برطانوی اقتدار سے ان کا بھروسا اٹھ گیا.

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔