پیٹرولیم لیوی کی قیمت 50 روپے تک بڑھانے کی منظوری

پیٹرولیم لیوی کی قیمت 50 روپے تک بڑھانے کی منظوری
سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کے زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیٹرولیم لیوی کی قیمت میں مرحلہ وار اضافے کی منظوری دیدی گئی ہے، اسے 50 روپے تک بڑھایا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے فنانس بل 2022- 23ء کی منظوری کی تحریک پیش کرتے ہوئے ایوان سے کہا کہ پیٹرولیم لیوی ٹیکس میں 50 روپے اضافے کی اجازت دی جائے۔ پیٹرولیم لیوی میں یہ اضافہ مرحلہ وار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف اپنے وعدوں کی پاسداری کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف سے جو معاہدے کئے گئے تھے، ہم نے ان کی ہی توثیق کی ہے۔ ہم نے یہ اس لیےکیا تاکہ عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے۔ ہم ایسے ٹیکس لائے ہیں جو صاحب ثروت لوگوں پر لگیں گے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایوان کو بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی لگانے کا اختیار قومی اسمبلی نے حکومت کو دے رکھا ہے۔ اس وقت پیٹرولیم لیوی صفر ہے، 50 روپے فی لیٹر لیوی کو یکمشت نافذ نہیں کیا جائے گا۔ حکومت کے حالیہ اقدام سے یہ بات اب واضح ہو چکی ہے کہ بالاخر ملک میں ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ فی لیٹر پیٹرول یا ڈیزل کی قیمت میں حکومت آئندہ کتنا اضافہ کرنے جا رہی ہے؟ اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ اس کا دارومدار عالمی منڈی میں تیل کی قیمت اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر پر ہوگا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔