(ویب ڈیسک)پاکستانی ٹیلی وژن اور فلم ڈائریکٹر سکندر شاہ نے سُپر اسٹار ہمایوں سعید اور اُن کی اہلیہ ثمینہ کی شادی کے بارے میں چونکا دینے والے انکشافات کردیے۔
سکندر شاہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ہمایوں سعید اور ثمینہ کی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اور ہمایوں سعید ماضی میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے کراچی کے علاقے طارق روڈ گئے تھے وہاں ہم نے ایک بنگلہ فائنل کیا جس میں ڈرامے کی شوٹنگ کرنی تھی۔
ہدایتکار نے کہا کہ اُس بنگلے کی مالکن ثمینہ نامی خاتون تھیں جوکہ اب ہمایوں سعید کی اہلیہ بن چکی ہیں، پھر ہم نے وہاں اپنے ڈرامے کی شوٹنگ کا آغاز کیا تو تیسرے دن ہی ہمایوں سعید اور ثمینہ کے درمیان محبت کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اس بنگلے میں ثمینہ اپنی والدہ اور بیٹی ثناء شاہنواز کے ہمراہ رہتی تھیں، یہ وہی بیٹی تھی جو اب اکثر و بیشتر ہمایوں سعید کے ساتھ بھی نظر آتی ہیں، ثمینہ پہلے سے شادی شدہ تھیں لیکن ہمایوں سعید نے اس کے باوجود ثمینہ سے شادی کا فیصلہ کیا اور ان کی بیٹی ثناء کو بھی قبول کیا۔
اس کے بعد ہمایوں سعید کے دوستوں نے اس شادی میں ان کی مدد کی، اس دوران، میں شہر سے باہر تھا تو ہمایوں نے مجھے اپنی شادی پر مدعو کیا،مجھے نہیں معلوم تھا کہ ہمایوں سعید کی شادی ثمینہ سے ہورہی ہے، مجھے لگا تھا کہ وہ اپنی کزن سے شادی کررہے ہیں جن کے ساتھ ان کی پہلے سے بات پکی ہوئی تھی۔
سکندر شاہ نے مزید کہا کہ جب میں شادی پر پہنچا تو میں نے دیکھا کہ ثمینہ دلہن بنی ہوئی تھیں، میں دونوں کو ساتھ دیکھ کر بہت خوش ہوا۔
واضح رہے کہ ثمینہ سے ہمایوں سعید کی کوئی اولاد نہیں ہوئی جبکہ اداکار نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ ثناء شاہنواز، اُن کی سالی نہیں بلکہ بیٹی ہے، ثناء 25 سال سے ان کے ساتھ ہے اور ان کے گھر کی رونق ہے۔