ترکی کے سمندر میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی ، پاکستانی بیوی بچوں سمیت جاں بحق

pak family drowned
کیپشن: pak family drowned
سورس: google

ویب ڈیسک : ایک پاکستانی شہری اپنے بیوی بچوں  سمیت ترکی کے سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا ، تارکین وطن کی کشتی یونان جارہی تھی کہ طوفان میں پھنس گئی ۔

سید علی آغا اپنی اہلیہ اور چار بچوں کے ہمراہ انسانی سمگلروں کی مدد سے کشتی میں بیٹھ کر بہتر زندگی کا خواب لیے یورپ کے سفر پر روانہ ہوئے، لیکن اپنی منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی بدقسمت خاندان کی زندگی کا سفر ختم ہو گیا۔

15 مارچ کی صبح ان کی کشتی ترکیہ کے شمال مغربی صوبے چناق قلعہ میں طوفان کے باعث الٹ گئی۔

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے سید علی آغا اور ان کے خاندان سمیت اس کشتی پر درجنوں افراد سوار تھے۔

ترک حکام کے مطابق کشتی پر سوار افراد کی درست تعداد معلوم نہیں، لیکن 13 دنوں کی مسلسل تلاش کے بعد اب تک 23 افراد کی لاشیں سمندر سے نکالی جا چکی ہیں۔
ان میں سید علی آغا، ان کی اہلیہ 40 سالہ بی بی طاہرہ، چار بچے 14 سالہ سید سبحان، 12 سالہ سید سجاد، 10سالہ فاطمہ اور پانچ سالہ کوثر بھی شامل ہیں۔
سید علی آغا کے بہنوئی سید عادل شاہ کے مطابق ان کے پیاروں کو اپنے وطن کی مٹی بھی نصیب نہیں ہو سکی اور انہیں وہیں ترکیہ کے شہر استنبول میں سپردِخاک کر دیا گیا۔