ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 نوابشاہ کے ضمنی انتخابات کے لیے امیدوار غلام مصطفیٰ رند کو سکرنڈ سے گرفتار کر لیا، پارٹی قیادت نے مصطفیٰ رند کی گرفتاری کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سکرنڈ سے گرفتار ہونے والے غلام مصطفیٰ رند نے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی اُمیدوار آصفہ بھٹو زرداری کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ اور جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ علی پلھ نے ان کی گرفتاری پر شدید مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ مرحلے میں غلام مصطفیٰ رند کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے پھر جمعرات کو ان کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے پر پولیس نے انہیں بلا جواز گرفتار کر کے گم کر دیا ہے۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پولیس ہمارے امیدواروں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہی ہے، پیپلزپارٹی عوام کے ووٹ سے خوفزدہ ہوچکی ہے، پوری جماعت پی ٹی آئی امیدوار کے ساتھ کھڑی ہے، پولیس کی بلا جواز کارروائی بزدلانہ عمل ہے، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمارے امیدواروں کو ڈرا یا نہیں جا سکتا۔
پی ٹی آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ علی پلھ نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ہمارے امیدوار کو رہا کیا جائے، ہم پولیس گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہمارے امیدوار کو فوری رہا نہیں کیا گیا تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔