نگران وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر بورڈ آف ریونیو پنجاب کا بڑا اقدام

نگران وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر بورڈ آف ریونیو پنجاب کا بڑا اقدام
لاہور: بورڈ آف ریونیو پنجاب نے صوبہ بھر میں رجسٹری کے ساتھ انتقالات پاس کرنے کا بڑا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی زیرصدارت پنجاب بھر میں پینڈنگ انتقالات بارے دوسرا اجلاس ہوا، اجلاس میں ممبر ٹیکسز طارق قریشی ، ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سائرہ عمر، ڈی ایس سٹاف سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ بورڈ آف ریونیو کی جانب سے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو زیر التواء انتقالات پاس کرنے کا مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔ پینڈنگ انتقالات بارے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ سینئر ممبر بورڈ نبیل جاوید کا کہنا ہے کہ اے ڈی سی آر ، اسسٹنٹ کمشنرز ، سب رجسٹرار ، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے افسران کمیٹی کا حصہ ہونگے۔ رجسٹریشن فیس کی ادائیگی کے بعد انتقالات میں تاخیر بلا جواز ہے۔ زیرالتوا انتقالات کا پراسس سات دنوں میں ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ نبیل جاویدنے مزید کہا کہ رواں ہفتہ میں زیرالتوا انتقالات مکمل نہ کرنے والے ریونیو افسران و اہلکاران کے خلاف پیڈا ایکٹ کے کاروائی کی جائے گی۔ انتقالات کی آڑ میں کرپشن اور بلیک میلنگ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ضلعی سربراہان متعلقہ دفاتر کے اچانک دورے کرکے کام کی پیش رفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں۔ بورڈ آف ریونیو پنجاب کے تمام اضلاع کی مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایس ایم بی آر نبیل جاوید کا کہنا تھا کہ کرپشن ، سستی یا نااہلی میں ملوث افسران و ملازمین کو فوری طور پر متعلقہ برانچز سے تبدیل کر دیا جائے گا۔ صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز 07 دن میں انتقالات کے تمام کیسز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ جائیداد کی منتقلی کے بعد کاغذات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ ڈی جی لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ زیرالتوا کیسز کا ڈیٹا ہفتہ وار شیئر کریں۔ جان بوجھ کر انتقالات پینڈنگ رکھنے والے افسران کی رپورٹ میرے دفتر بجھوائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیوٹ بلاکج کے ایشو کو جلد از جلد حل کیا جائے۔ بورڈ آف ریونیو کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کام جاری ہے۔ بورڈ آف ریونیو عوام الناس کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔