کورونا کی نئی خطرنک قسم 'اومیکرون' پاکستان بھی آئے گی: اسد عمر

کورونا کی نئی خطرنک قسم 'اومیکرون' پاکستان بھی آئے گی: اسد عمر
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے عوام پر واضح کر دیا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی قسم ' اومیکرون' پاکستان بھی آئے گی، ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن کرکے اس کا خطرہ کم کریں۔ انہوں نے یہ بات این سی او سی کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں بتائی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود تھے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا میں کورونا وائرس کی نئی قسم ' اومیکرون' منظر عام پر آ چکی ہے۔ انتہائی خطرناک قسم کا ویرینٹ بہت سے ملکوں میں پھیل چکا ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گذشتہ کئی ہفتوں سے کورونا وائرس کا پھیلائو کم ہوا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ویکسی نیشن ہے۔ اب تک ملک میں لگ بھگ 5 کروڑ شہریوں کو دونوں خوراکیں جبکہ 3 کروڑ افراد کو ویکسین کی ایک خوراک لگ چکی ہے۔ این سی او سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایسے تمام ممالک جہاں اومیکرون پھیلنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، وہاں سے آنے والی تمام فلائٹس اور مسافروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس معاملے پر ہم مزید سخت اقدامات اٹھائیں گے تاکہ کورونا کی نئی خطرناک قسم پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اگر کتنے بھی سخت اقدامات اٹھا لیں، بہرحال کورونا وائرس کو پاکستان میں آنے سے نہیں روکا جا سکتا، اسے ساری دنیا میں پھیلنا ہی ہے۔ اس کا صرف اور صرف حل ویکسی نیشن ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ویکسین پھر بھی اس سے دفاع کیلئے مؤثر ہوگی۔

Watch Live Public News