ویب ڈیسک: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے شیرافضل مروت کا نام فائنل کرلیا گیا ہے اور عمران خان نے ان کے نام کی منظوری بھی دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر بیرسٹر گوہر نے شیر افضل مروت اور دیگر وکلاء کے ہمراہ میڈیا ٹاک کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل انتظامیہ نے انتظار پنجوتھہ کو آج بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔ انتظار پنجوتھہ ہمارا فوکل پرسن ہے،جانے کی اجازت نہ ملنے پر بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیب کے جس کیس نے بانی پی ٹی آئی کو بند رکھا ہے۔ وہ بے بنیاد ہے۔ نیب کا ادارہ بانی پی ٹی آئی کو سزا کے لیے بنایا گیا، نیب کے کیسز ہمارے خلاف ہیں۔ نیب کی فورس ہمارے خلاف ہے لیکن نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور آصف زرداری کو چھوٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے اور نیب کیسز جو شہباز شریف کے خلاف تھے وہ ختم ہو گئے۔ نیب کیسز ختم کر کے نواز شریف کو کلین چٹ دی گئی۔ ہم الائنس کے ساتھ احتجاج کرنے جارہے ہیں اور وہ جاری رہے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اور ان کے سیاسی ونگ کے علاوہ سب کے ساتھ اتحاد ہو سکتا ہے۔ ہمارا احتجاج عدلیہ کی بحالی اور قانون اور آئین کی بالادستی کے لئے ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف فارم 45 پر اپنی سیٹ ہار چکے ہیں۔ عون چودھری اور علیم خان بھی اپنی سیٹ پر ہار چکے ہیں۔ لاہور کے احتجاج میں سلمان اکرم راجہ کا اہم کردار ہو گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی کے لیے آج شیر افضل مروت کا نام فائنل کر لیا گیا۔ شیر افضل مروت کا نام فائنل ہونے پر تمام تنازعات ختم ہو چکے ہیں۔ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی ہمارے چیئرمین ہیں اور وہ تاحیات ہمارے چیئرمین رہیں گے۔