اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی درخواست ضمانت خارج کر دی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔ ملزم شہباز گل پر اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا الزام عائد ہے۔ ملزم شہباز گل کے خلاف تھانہ کوہسار پولیس نے سٹی مجسٹریٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔ شہباز گل کے وکیل کا کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت سے کہنا تھا کہ اُن کے موکل اپنے متنازع بیان کے حوالے سے جو غلط فہمی پیدا ہوئی اسے دور کرنے کیلئے تیار ہیں اور معافی مانگنے کیلئے بھی تیار ہیں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے بغاوت کے متعلق کبھی سوچا ہی نہیں، ویڈیو کے ٹرانسکرپٹ سے واضح ہے کہ مختلف جگہوں سے پوائنٹ اٹھا کر مقدمہ درج کیا گیا۔ کیس کے مدعی نے شہباز گل پر بغاوت کا الزام لگایا اور کیس کے اندراج کے بعد اس میں مزید 5 ملزموں کو بھی نامزد کیا گیا۔