حکومت نے عوام کو لنڈے کے کپڑوں تک کا نہیں چھوڑا: حمزہ شہباز شریف

حکومت نے عوام کو لنڈے کے کپڑوں تک کا نہیں چھوڑا: حمزہ شہباز شریف
لاہور: ( پبلک نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج حکومت منی بجٹ نہیں، عوام کے معاشی قتل عام کے پروانے کی کابینہ سے منظوری لینے جا رہی ہے۔ حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ ساڑھے تین سال بعد بھی عمران خان کا منی بجٹ لانے کی وجہ گذشتہ حکومتوں کو قرار دینا دماغی خلل کا نتیجہ ہے۔ 350 ارب کے منی بجٹ کے ذریعہ لگنے والے ٹیکسوں سے جو سیکڑوں اشیاء مہنگی ہونے جا رہی ہیں، اس کا عام آدمی کی زندگی پر گہرا اثر پڑے گا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران حکومت کا واحد معاشی مقصد اب صرف عوام سے ٹیکس بٹورنا رہ گیا ہے۔ عوام فاقوں سے خودکشی پر جبکہ حکمران مال بنانے میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کو لنڈے کے کپڑوں تک کا نہیں چھوڑا۔ پیک فوڈ، بجلی، پیٹرول، دالیں اور گھی سمیت دیگر اشیاء اس منی بجٹ کے مرہون منت مزید مہنگی ہو جائیں گی۔ لیگی رہنما نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی تجاویز بھی تشویشناک ہیں تمام معاشی اشاریے بتا رہے ہیں کہ ملک ریت کے پہاڑ کی طرح ڈھے رہا ہے۔ معاشی غلامی اختیار کرکے سیکورٹی پالیسی پر بغلیں بجانا اس حکومت کی کوتاہ اندیشی کی مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منی بجٹ سے لگنے والے ٹیکسوں سے کاروبار مزید ختم اور معیشت سکڑ کر رہ جائے گی۔ یہ بجٹ نہیں بلکہ لاکھوں افراد کو بے روزگار کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منی بجٹ سے موجودہ 11.5 فیصد ماہانہ اور 19.8 فیصد ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کو آگ لگانے جا رہی ہے۔ عمران خان منی بجٹ لانے کے بجائے عوام سے جھوٹے وعدے، کمر توڑ مہنگائی، معاشی سبز باغ دکھانے اور ملک کو تباہ کرنے پر معافی مانگیں۔

Watch Live Public News