کم آمدنی والے طبقات کو بلاسود اور آسان قرضے فراہم کیے جارہے ہیں: وزیر خزانہ

کم آمدنی والے طبقات کو بلاسود اور آسان قرضے فراہم کیے جارہے ہیں: وزیر خزانہ
اسلام آباد: (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کم آمدنی رکھنے والے طبقات کو بلا سود اور آسان قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضہ جات کی فراہمی کے تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو لوگ بینکوں تک رسائی سے محروم ہیں ان کو براہ راست قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان نے خصوصی اقدامات کی ہدایات دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی اور معاشی ترقی کے لیے موجودہ حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور تمام طبقات کو بلا تفریق و بلا تعصب قرضہ جات کی فراہمی کی جا رہی ہے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ ہم غریب عوام کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک غریب آدمی تک نہیں پہنچے، وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ایسا کام کرو کہ غریب کو کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلا نا پڑے۔ شوکت ترین نے کہا کہ کامیاب پاکستان خوشحال پاکستان کا راستہ ہے ، عزت نفس کے ساتھ روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنا روزگار اپنا گھر اور کسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں اور اب تک تین سو شہروں میں تقریباً چا ر سو کروڑ روپے کے قرضے دیئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں چالیس لاکھ گھرانوں کو ملکی ترقی کی خوشحالی کے دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے ، عمران خان ہی معاشرے کے معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے روشنی کی کرن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست کی طرف گامزن ہیں ۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کا شکریہ ادا کیا۔

Watch Live Public News