ویب ڈیسک :پاکستانی اداکار فواد خان جلد وانی کپور کے ساتھ بالی وڈ میں کم بیک کرنے جا رہے ہیں۔ فواد خان کی واپسی اس شرط پر ہوئی ہے کہ وہ انڈیا میں نہیں بلکہ بیرون ملک شوٹنگز کرائیں گے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق فواد خان اور وانی کپور جلد ہی بالی وُڈ فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے جو ایک طرح سے اداکار کی بالی وُڈ میں آٹھ برسوں کے بعد واپسی ہو گی۔
خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق بین الاقوامی پراجیکٹ جس کا نام ابھی تک منظرعام پر نہیں آ سکا، کی مکمل شوٹنگ یورپ میں کی جائے گی جبکہ ہندی رومانوی کامیڈی فلم کی ہدایت کاری آرتی بگدی کریں گی۔
فواد خان کو دنیا بھر میں جنوبی ایشیائی باشندوں میں بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل ہے اور وہ مارول سنیما یونیورس جیسے بڑے پراجیکٹ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔
متوقع طور پر مسقبل میں ریلیز ہونے والے فواد خان اور وانی کپور کے اس پراجیکٹ کے متعلق معلومات ابھی خفیہ رکھی جا رہی ہیں اور کوئی بھی اس سے متعلق بات نہیں کر رہا۔
خبر رساں ایجنسی کے ذرائع نے فلم کی کہانی کے متعلق کہا ہے کہ ’اس رومانوی کامیڈی فلم میں دو ٹوٹے دل والے افراد کی کہانی بیان کی گئی ہے جنہیں قسمت نے ملایا ہوتا ہے اور آخرکار دونوں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے غیرارادی طور پر محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔‘
فواد خان نے خوبصورت اور کپور اینڈ سنز جیسی ہندی فلموں میں کام کیا ہے یادرہے فواد خان کی بالی وڈ میں موجودگی کو بھارتی ادکاروں کے لئے ایک خطرے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔