8 فروری کو عوام فیصلہ کرینگے کہ کون تخریب کار ہے،کون ملک کا معمار،شہبازشریف

8 فروری کو عوام فیصلہ کرینگے کہ کون تخریب کار ہے،کون ملک کا معمار،شہبازشریف
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو عوام فیصلہ کریں گے کہ کون تخریب کار ہے اور کون ملک کا معمار ہے ، ملک و قوم کی تقدیر بدلنے ،غربت اور بیروزگاری کے خاتمے اور ملکی استحکام کے لئے نواز شریف کو کامیاب کروانا ہو گا۔ شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ 8 فروری کی آمد آمد ہے، یہ الیکشن کوئی عام الیکشن نہیں، آپ کو جذبے کے ساتھ ووٹ دینے آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں غربت، بےروزگاری اور ناخواندگی کا مقابلہ کرنا ہے، ملک میں تیل اور گیس نہیں تو کوئی بات نہیں، یہ نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں۔ ان کی بدولت پاکستان عظیم ملک بنے گا، 8 فروری کو آپ نے جب ووٹ ڈالنا ہے تو دیکھنا ہے لیڈر کا ماضی کیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کی، دہشت گردی اور بیروزگاری کا خاتمہ کیا۔ شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ 2013ء میں بجلی کی 20، 20 گھنٹےکی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، میرا لیڈر نوازشریف وہ ہے، جس نے لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیڈر نواز شریف نے نوجوان طبقے اور بچیوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دیا، جس نے غریب کا مفت علاج کرایا اور اسپتالوں کو جدید بنایا۔ ن لیگی صدر نے کہا کہ میرے لیڈر نواز شریف نے لاہور میں کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ بنایا، اگر آپ نے ووٹ سے ن لیگی قائد کو وزیراعظم بنایا تو ہم جان لڑادیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نوجوانوں کو گالی گلوچ نہیں سکھائی، نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کو جب کوٹ لکھپت جیل سے گرفتار کیا گیا تو میں وہاں موجود تھا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ ایک بڑا دلخراش واقعہ تھا، ان واقعات کے بعد شہیدوں کے بچوں پر کیا گزری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ سوال ہے جس کا آپ نے ووٹ کی پرچی پر مہر لگا کر جواب دینا ہے، 8 فروری کو آپ نے فیصلہ کرنا ہے کون تخریب کار ہےکون پاکستان کا معمار ہے۔ ن لیگی صدر نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی بیٹی کی گرفتاری پر تویہ نہیں کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کردو، 9 مئی کا واقعہ بڑا دلخراش تھا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔