وزیراعظم اور بل گیٹس کا ٹیلی فونک رابطہ

وزیراعظم اور بل گیٹس کا ٹیلی فونک رابطہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بل اینڈ میلینڈا گیٹس فائونڈیشن کے ساتھ تعاون کے تمام جاری شعبوں میں مفید شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے بارے میں پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بل اینڈ میلینڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیا جس میں انہوں نے فائونڈیشن کے تعاون سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے سمیت صحت عامہ اور سماجی شعبے کے جاری پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے خاتمے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام اور غذائی اور مالیاتی منصوبوں میں بل اینڈ میلینڈ فائونڈیشن کی طرف سے گراں قدر امداد کو سراہا۔ پاکستان میں رواں برس پولیو کے مصدقہ مریضوں کی تعداد میں اضافے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت تمام سطحوں پر پولیو کے خاتمے کی کارروائیوں کو مربوط بنانے اور اس سلسلے میں ضروریات کے مطابق فیصلوں میں اضلاع کو بااختیار بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو پروگرام کے تمام ارکان خاص طورسے صف اول میں کام کرنے والے کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بل گیٹس نے پاکستان کیلئے فائونڈیشن کی طرف سے امداد کی فراہمی جاری رکھنے کا اعادہ کیا تاکہ بچوں کو پولیو وائرس کے باعث معذور ہونے سے بچایا جا سکے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔