ویب ڈیسک: پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد شوکت خانم ہسپتال میں زیرعلاج ہیں اور ڈاکٹر یاسمین راشد کے ٹیسٹ شروع کردیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسمین راشد کی گیسٹروسکوپی، اینڈوسکوپی کی جارہی ہے، یاسمین راشد کی کلونوسکوپی، سی ٹی اسکین کیے جائیں گے،ڈاکٹر یاسمین راشد کی حالت آج بہتر ہے، شوکت خانم ہسپتال میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو کینسر کے ٹیسٹس کے لیے داخل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں بطور کینسر مریضہ یاسمین راشد کا شوکت خانم اسپتال میں علاج ہوا،کینسر کی علامات پر دوبارہ معالجین نے شوکت خانم اسپتال منتقلی کی اجازت لی، پیچیدہ ٹیسٹوں کے بعد صحت کی صورتحال پر ڈسچارج کرنے کا فیصلہ ہوگا۔
گزشتہ روز ڈاکٹر یاسمین راشد کو شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
قبل ازیں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید یاسمین راشد کو طبیعت ناساز ہونے پر شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
یاسمین راشد کے وکیل نے میڈیا کو بتایا ہے کہ عدالت نے کئی بار یاسمین راشد کے علاج کے لیے تحریری حکم دیا مگر ایسا نہیں کیا گیا جس سے ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ یاسمین راشد چونکہ کینسر کی مریضہ ہیں، ان کے کچھ ٹیسٹ ہونے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوگی۔
واضح رہے کہ 9 مئی واقعات کے بعد یاسمین راشد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی، ان پر لاہور کے جناح ہاؤس میں حملے کا الزام ہے۔