ایم کیو ایم جو چاہے دیں گے، دروازے کھلے ہیں

ایم کیو ایم جو چاہے دیں گے، دروازے کھلے ہیں
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم کو بڑی آفر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جس طرح چاہیں گے، انھیں ایڈجسٹ کریں گے۔ ہمارے دروازے متحدہ کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ کچھ بھی چاہیں گے تو دے دیںگے۔ خیال رہے کہ گذشتہ رات ایم کیو ایم اور اپوزیشن کے درمیان اہم معاہدہ طے پا چکا ہے۔ اس معاہدے پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جبکہ ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے دستخط کئے ہیں۔ اسی تناظر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کیلئے کچھ بھی حاضر ہے۔ اگر ایم کیو ایم گورنرشپ چاہتی ہے تو وہ بھی ان کو دے دیں گے۔ تاہم انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد اپنی چوریاں بچانا ہے۔ مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام اور پیپلز پارٹی چوروں کا جھرمٹ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ اگر پی پی پی کیساتھ کسی قسم کا اتحاد کرنا چاہتی ہے تو یہ ان کی صوابدید ہے لیکن پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ایم کیو ایم کو دھوکا دیا، یہ اتحاد غیر فطری ہے۔ اپوزیشن ایسی چیزوں کی پیشکش کرتی پھر رہی جو ان کے پاس ہے ہی نہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں عمران اسماعیل نے بتایا کہ میں وزیراعظم کا پیغام لے کر ایم کیو ایم رہنمائوں کے پاس پہنچا تھا اور ان کیساتھ اہم ملاقات کی۔ ہمیں کہا گیا ہے کہ وہ رابطہ کمیٹی میں ہماری بات رکھیں گے، باہمی مشاورت سے جو طے ہوا، اسی پر چلیں گے اور ہمیں آگاہ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ جس طرح چاہے گی، انھیں ایڈجسٹ کرینگے۔ ہم نے ان کو ایک اور وزارت کی بھی پیشکش کر دی ہے۔ تاہم اگر اس سے بڑھ کر بھی وہ کچھ چاہتے ہیں تو ہم حاضر ہیں۔ ان کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ متحدہ اپوزیشن اور متحدہ قومی موومنٹ کے معاہدے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے صرف اس حوالے سے فیصل سبزواری کی ٹویٹ دیکھی اور ٹیلی وژن پر دیکھا ہے۔ مجھے اس بات کا قطعی علم نہیں ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان کیا معاہدہ طے پایا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔