کھلاڑیوں کی ابوظہبی روانگی میں مزید تاخیر

کھلاڑیوں کی ابوظہبی روانگی میں مزید تاخیر

لاہور(پبلک نیوز) امیگریشن حکام سے کلیئرنس نہ ملنے پر کھلاڑی اور آفیشلز ایئرپورٹ سے واپس ہوٹل پہنچ گئے۔ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ، موسیٰ خان، محمد حارث اور عامر خان سمیت دس افراد ائیرپورٹ سے واپس ہوٹل پہنچے۔

کھلاڑیوں نے قطر ایئرویز کی پرواز 621 کے ذریعے دوحہ سے ابوظہبی روانہ ہونا تھا، پی سی بی ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں نے بائیو سکیور ببل میں دوبارہ خود کو قرنطینہ کر لیا، کلیئرنس ملنے پر 4 کھلاڑیوں سمیت دس افراد کو روانہ کیا جائے گا، کراچی سے سرفراز احمد اور لاہور کے تمام دس افراد کو ابوظہبی کے سفر کے لیے کلیئرنس نہ مل سکی۔ ان تمام افراد نے بذریعہ کمرشل فلائیٹس آج صبح چار بجے کے قریب ابوظہبی روانہ ہونا تھا۔

ابوظہبی اسپورٹس کونسل نے پاکستان سے 16 افراد کی یو اے ای روانگی کے لیے پی سی بی کو خصوصی اجازت دلوائی تھی۔ تمام افراد کی کلیئرنس کے لیے پی سی بی کا ابوظہبی اسپورٹس کونسل سے رابطہ ہوا ہے، ان افراد کی جلد یو اے ای روانگی کے لیے پی سی بی متبادل آپشنز پر بھی غور کررہا ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ سے یو اے ای کا سفر کرنے والے تمام کھلاڑی ابوظہبی پہنچ گئے۔ ان کھلاڑیوں میں فاف ڈوپلیسی، ڈیوڈ ملر، رائیلی روسو اور کیمرون ڈیلپورٹ شامل ہیں۔ ہرشل گبز اور قومی آلراؤنڈر محمد نواز بھی جنوبی افریقہ سے یو اے ای پہنچ گئے ۔، ویسٹ انڈیز کے جانسن چارلس اور ڈیرن سیمی نیویارک سے ابوظہبی کے لیے روانہ ہو گئے۔ بھارت سے تعلق رکھنے والے 8 براڈکاسٹرز بھی یو اے ای پہنچ چکے ہیں۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔