پاکستان پیپلز پارٹی کا 55واں یوم تاسیس آج شایان شان ملک بھر میں منایا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں نشتر پارک کراچی میں جلسہ عام ہوگا کہ جس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔پی پی پی چیئرمین نے پارٹی کے 55 ویں یوم تاسیس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 55 برسوں پر محیط پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد بارآور ہونے کے قریب ہے، اب ملک میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت مضبوط ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد وفاق سمیت چاروں صوبوں میں عوامی راج ہوگا اور پیپلز پارٹی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے کہ جس کی جڑیں عوام میں موجود ہیں۔زندہ قومیں اپنے ماضی اور حال کا تنقیدی جائزہ لیتی ہیں اور ہمیں بھی بطور جماعت، ریاست اور قوم اپنی، اپنی سطح پر اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا کیونکہ اس وقت ملک کو آئندہ سلیکٹڈ نہیں الیکٹڈ حکومتوں کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) نے آزمائش اور کٹھن حالات کے دوران ملک و قوم کو قیادت فراہم کی ہے جو کہ انسانی حقوق ، جمہوریت اور مساوات کی علمبردار ہے۔ آئین و پارلیمان کی بالادستی کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں پی پی پی کا اہم کردار ہے جب کہ معاشرے میں مساوات اور عوام کی خوشحالی ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے یومِ تاسیس کا دن ہر جیالوں کے لیے تجدید عہد کا دن ہے، جیالے عہد کریں، فکرِ بھٹو کی روشنی میں عوام کے حقِ حاکمیت اور خواتین کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے، جمہوری اداروں کو بااختیار و طاقتور بنانے کے لیے جدوجہد کریں گے اور ملک کو فلاحی اور مضبوط جمہوری ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائدِ عوام کے دیئے ہوئے 1973کے آئین پر ہونے والے ہر حملے کو ناکام بناتی رہے گی۔