ویب ڈیسک: بنگلہ دیش کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ مقابلے کے چوتھے دن آج بھارت نے بے مزہ ہوتے ٹیسٹ میچ کو انتہائی دلچسپ موڑ پر لا کر کھڑا کر دیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جا رہے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے طوفانی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 3 اوورز میں 50 رن پورے کر دیے۔
بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے اس آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا نصف کھیل بارش سے متاثر ہوا تھا، اور پھر دوسرے و تیسرے دن کا پورا کھیل بارش کی نذر ہو گیا۔ آج جب بنگلہ دیش کی پہلی اننگ 233 رنز پر ختم ہوئی، تو لگ رہا تھا جیسے یہ ٹیسٹ ڈرا کی طرف بڑھ رہا ہے۔ لیکن کپتان روہت شرما نے کچھ الگ ہی سوچ رکھا تھا۔ انھوں نے میدان میں اترتے ہی ایسی دھواں دار بلے بازی شروع کی کہ ہر کوئی دیکھتا رہ گیا۔ روہت کوئی بڑی اننگ نہیں کھیل سکے، لیکن ان کے انداز کو دوسرے بیٹرز نے اختیار کیا، اور پھر میچ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو گیا۔
اس درمیان بھارت کے اوپنرز نے وہ کارنامہ انجام دیا جو 147 سال کی ٹیسٹ تاریخ میں آج تک کوئی نہ کرسکا۔
روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے محض 3 اوورز میں 50 رن پورے کر لیے۔ کپتان روہت نے محض 6 گیندوں میں 19 رن بنائے، جبکہ جیسوال نے 13 گیندوں پر 30 رن بنائے۔ 2 رن ایکسٹرا بھی ملے۔ یعنی 3 اوورز میں ہندوستان کے 51 رن بن گئے تھے۔ روہت شرما کی طوفانی اننگ کو مہدی حسن میراز نے ختم کیا۔ وہ 11 گیندوں میں 23 رن بنا کر پویلین لوٹے۔
روہت-جیسوال کی جوڑی نے ٹیسٹ تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری شراکت داری جب پوری کی تو انھوں نے انگلش ٹیم کا ریکارڈ توڑا جس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹنگھم ٹیسٹ میں 4.2 اوورس میں 50 رن بنائے تھے۔
انگلینڈ نے ایسا 2024 میں دو مرتبہ کیا ہے۔ ایک بار ناٹنگھم میں اور پھر برمنگھم میں ویسٹ انڈیز کے ہی خلاف۔ اس سے قبل 30 سال قبل یہ ریکارڈ بھی انگلینڈ کے ہی نام تھا جب اس نے 1994 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 4.3 اوورز میں 50 رن بنائے تھے۔ بہرحال، اب یہ ریکارڈ بھارت کے نام درج ہو چکا ہے۔