اسلام آباد(پبلک نیوز) پی ٹی وی نے پاکستان میں مقیم امریکی بلاگر سنتھیا رچی کے پروگرام شروع کرنے کا اعلان ٹوئٹر پر شیئر کیا تھا تاہم اب اس ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کر دیا ہے۔
پیر کی شام پی ٹی وی نے اپنے آفیشل ہینڈل سے اعلان کیا تھا کہ 'مصنفہ اور فلم میکر سنتھیا ڈی رچی نے پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک میں شمولیت اختیار کی ہے اور اب وہ پی ٹی وی ورلڈ پر عنقریب پروگرام کریں گی۔' سرکاری ٹیلی ویژن کے انگلش چینل پر امریکی بلاگر کے پروگرام شروع کرنے کا اعلان ٹوئٹر پر شیئر کیے کچھ ہی دیر ہوئی تھی کہ پی ٹی وی کے آفیشل ہینڈل سے یہ اطلاع ڈیلیٹ کر دی گئی۔
اس دوران امریکی بلاگر نے پی ٹی وی کے اعلان کو ری ٹویٹ کیا تو اسے ’اپنے لیے اعزاز‘ قرار دیا۔
Delighted to join @WorldPTV! https://t.co/LBThHNt9q3
— Cynthia Ritchie ✍???? (@CynthiaDRitchie) August 30, 2021
سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے جوابی ٹویٹ کے بعد جہاں متعدد صارفین نے انہیں ’نئی ملازمت‘ کی مبارکباد دی وہی کچھ صارفین پی ٹی وی کی جانب سے اعلان واپس لیے جانے کی وجہ جاننے میں دلچسپی لیتے بھی دکھائی دیے۔ چند روز قبل اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر بیہوش پائی جانے والی امریکی بلاگر کچھ عرصہ قبل اس وقت خبروں کی زینت بنی تھیں جب انہوں نے پیپلزپارٹی کی سبقہ حکومت کی متعدد شخصیات پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا۔