راولپنڈی: ( پبلک نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہدا میں حوالدار منور، سپاہی ذکا اللہ، سپاہی فرحان اور سپاہی شیراز شامل ہیں۔ شہید حوالدار منور بہاولپور، سپاہی ذکا اللہ لکی مروت، سپاہی فرحان کوہاٹ اور سپاہی شیراز کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے جوانمردی سے وطن کے دشمنوں کا مقابلہ کیا۔ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں ہونے والے اس واقعے میں ایک دہشت گرد کو اسلحے اور ہتھیاروں سمیت پکڑ لیا گیا ہے۔