لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نےنو منتخب ڈپٹی سپیکرواثق قیوم سے حلف لیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سبطین خان کی زیر صدارت شروع ہوا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے کہا کہ اراکین اسمبلی، سید یاور عباس بخاری، مومنہ وحید،ملک تیمور مسعود، ثانیہ کامران ،سیمابیہ طاہر ،شمیم آفتاب ،عمرتنویر بٹ نے الگ الگ واثق قیوم عباسی کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان مسلم لیگ کے متفقہ امیدوار واثق قیوم عباسی بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب ہوگئے ہیں ۔بعد ازاں ا سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے نو منتخب ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم سے حلف لیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومتی امیدوار واثق قیوم بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے تھے، اپوزیشن امیدوار علی حیدر گیلانی نے مقررہ وقت پر کاغذات جمع نہیں کروائے تھے۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے کسی نے کاغذات نامزدگی جمع ہی نہیں کروائے۔