منحرف اراکین قومی اسمبلی کیخلاف سخت کارروائی کا آغاز

منحرف اراکین قومی اسمبلی کیخلاف سخت کارروائی کا آغاز
اسلام آباد: (پبلک نیوز) چیئرمین و سربراہ پارلیمانی پارٹی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر منحرف اراکین کیخلاف سخت کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ مشیرپارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچے جہاں انہوں نے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی عامر محمود کیانی سے خصوصی ملاقات کی، جس میں چیئرمین عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں منحرف اراکین قومی اسمبلی کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز کے اجراء کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اظہارِ وجوہ کے نوٹسز کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اراکین اسمبلی کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز دستورِ پاکستان کے آرٹیکل 63-اے کے تحت جاری کئے جارہے ہیں ، دستورِ پاکستان کا آرٹیکل 63-اے اراکینِ اسمبلی کے فلور کراس کرنے پر کڑی قدغن عائد کرتا ہے ۔ آئین کے تحت پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کی جانب سے جاری پارٹی پالیسی سے انحراف کے مرتکب رکن قومی اسمبلی کو اپنی نشست سے ہاتھ دھونا ہوتے ہیں۔تحریک انصاف کے منحرف اراکین قومی کو یکم اپریل دن 12 بجے تک اپنی پوزیشن واضح کرنے کی مہلت دی جائیگی ، یکم اپریل دن 12 بجے تک جماعت کو مطمئن نہ کرنے والے اراکین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پایا کہ پارٹی پالیسی سے کھلے انحراف کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کیخلاف باضابطہ ریفرنسز سپیکر کو بھجوائے جائیں گے ۔پاکستان تحریک انصاف دستور کے آرٹیکل 63-اے کے تحت سپیکر سے منحرف اراکین کی نشستوں کو خالی قرار دینے کی سفارش کرے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔