متحدہ اپوزیشن پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، 173 اراکین کی شرکت

متحدہ اپوزیشن پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، 173 اراکین کی شرکت
اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے 177 اراکین قومی اسمبلی کی حمایت کا دعوی کیا ہے جبکہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 173 اراکین نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا،جس میں 173 اراکین قومی اسمبلی نے شرکت کی جبکہ اپوزیشن کا 177 اراکین قومی اسمبلی کی حمایت کا دعوی ہے۔ متحدہ اپوزیشن میں مسلم لیگ ن کے 84 اور پیپلزپارٹی کے 55 اراکین شامل تھے ، اس کے علاوہ ایم ایم اے کے 14،عوامی نیشنل پارٹی کے 1، بی این پی کے 4 اراکین، متحدہ قومی موومنٹ کے 6،بلوچستان عوامی پارٹی کے 5،جمہوری وطن پارٹی کے 1 اور 3 آزاد اراکین شامل تھے۔ اجلاس قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی رہائش گاہ پر ہوا،جس میں سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی۔ تحریک عدم اعتماد کے لئے مطلوبہ سے زیادہ تعداد میں دستیابی پراطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کو طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے فیصلے کا اعادہ کیا گیا۔ اپوزیشن نے فیصلہ کیا کہ اپوزیشن وزیراعظم کو کوئی این آر او نہیں دے گی، ذرائع سے چلائی جانے والی گمراہ کن خبریں متحدہ اپوزیشن کے فیصلے کو تبدیل نہیں کراسکتیں، عدم اعتمادکی تحریک کے ذریعے متحدہ اپوزیشن ملک میں نئی جمہوری اور آئینی روایات قائم کرے گی ۔ماضی کے غیرجمہوری رویوں کو ہمیشہ کے لئے ترک کرکے نئے جمہوری و آئینی مستقبل کی راہ ہموار کی جائے گی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔