عمران خان کا14دسمبر سےسول نافرمانی کی تحریک اوربائیکاٹ مہم کااعلان

عمران خان کا14دسمبر سےسول نافرمانی کی تحریک اوربائیکاٹ مہم کااعلان
کیپشن: عمران خان کا14دسمبر سےسول نافرمانی کی تحریک اوربائیکاٹ مہم کااعلان

ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں سیاسی قیدیوں کی رہائی اور نو مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے اور مطالبات نہ ماننے کی صورت میں 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک اور بائیکاٹ مہم کا اعلان کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ سول نافرمانی کی تحریک کے پہلے مرحلے میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کریں گے کہ وہ ترسیلاتِ زر محدود کریں اور بائیکاٹ مہم چلائیں اور دوسرے مرحلے میں اس سے بھی آگے جائیں گے۔‘

بیان میں میں بتایا گیا ہے کہ دریں اثنا تحریکِ انصاف کی ’سٹیک ہولڈرز سے‘ مذاکرات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی میں عمر ایوب خان، علی امین گنڈاپور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجہ اور اسد قیصر شامل ہوں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

عمران خان کے اکاؤنٹ سے جاری ہونے والا بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب جمعرات کو ان پر جی ایچ کیو حملہ کیس میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’ملک میں ڈکٹیٹر شپ قائم ہو چکی ہے، ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں نہتے سیاسی کارکنان پر گولیاں برسائی گئیں اور پُر امن سیاسی کارکنان کو شہید کیا گیا ہے۔ ہمارے سینکڑوں کارکنان لاپتہ ہیں۔ سپریم کورٹ کو اب اس کا نوٹس لے کر اپنا آئینی کردار ادا کرنی چاہیے۔‘

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کے اواخر میں اسلام آباد میں عمران خان کی رہائی کے لیے تحریکِ انصاف کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا جس کے اختتام حکومت کی جانب سے مظاہرین پر کریک ڈاؤن پر ہوا۔

حکومت کی جانب سے اسے ’گرینڈ آپریشن‘ کا نام دیا گیا اور اس کے بعد حکومت اور پی ٹی آئی کی جانب سے متضاد دعوے سامنے آئے۔ حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے آپریشن کے دوران گولی نہیں چلائی گئی جب کہ تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے مختلف اوقات پر ہلاکتوں کے مختلف اعداد و شمار بتائے ہیں۔

عمران خان کے اکاؤنٹ پر جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’ہم 13 دسمبر کو پشاور میں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے عظیم الشان اجتماع منعقد کریں گے۔ اس اجتماع میں اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔‘

Watch Live Public News