کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جھونپڑیوں کی رجسٹریشن شروع

کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جھونپڑیوں کی رجسٹریشن شروع
کیپشن: Registration of huts started for the first time in the history of Karachi

ویب ڈیسک: اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کا اہم قدم۔ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جھونپڑیوں کی رجسٹریشن شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی احمد اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ ہرجھونپڑی کو نمبرالاٹ کرکے جیوٹیگنگ کی جائے گی۔ ایسٹ پولیس کی نفری افسران کے ہمراہ جمالی پل اور اطراف میں پہنچ گئی۔

نفری میں انٹیلیجنس افسران اور ٹیکنیکل عملہ بھی شامل ہے۔ جمالی پل کے اطراف مخصوص حصے میں آپریشن کا آغاز ہوگیا۔ 

احمد اقبال کا کہنا تھا کہ جمالی پل ہاٹ اسپاٹ ہے۔ وہاں جرائم کی وارداتیں زیادہ ہوتی ہیں۔ ملزمان اکثر جھونپڑیوں کی جانب فرار ہوجاتے یا پناہ لیتے تھے۔ کئی جرائم پیشہ عناصر کا تعلق بھی جھونپڑ پٹی سے ہوتا تھا۔ اس لیے تمام رہائشیوں کی مکمل تصدیق کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کہا کہ بچہ ہو یا بڑا پرفارمہ میں سب کا ذکراور فنگرپرنٹ لیے جائیں گے۔ ہر جھونپڑی کو ایک نمبر الاٹ کرکے جیوٹیگ کردیا جائے گا۔ تلاش ڈیوائس کے ذریعے ایک ایک شخص کو چیک کیا جائے گا۔

ڈی ایس پی احمد اقبال کا مزید کہان تھا کہ جھونپڑی میں کون رہائشی؟ کون رشتہ دار اور کون مہمان؟ سب بتاناہوگا۔ کرمنلز کے خلاف جدید ٹیکنالوجی سے گھیرا تنگ کیا جائے گا۔ ملزم کب کہاں سے آئے؟ کہاں گئے؟ کس نے پناہ دی؟ سب معلوم ہوجائیگا۔ اس ڈیٹا کو جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

Watch Live Public News