ویب ڈیسک: تعلیم یافتہ اور مہذب خواتین ہی با کردار معاشرے کی ضمانت ہیں اور ہر لڑکی اپنے خوابوں کی تعبیر کا حق رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسی تناظر میں پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان کی بچیوں کو تعلیم کے بھرپور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ وہاں مقامی لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب گرلز اسکولوں کی سہولت میسر کی گئی ہے-
اس کے علاوہ شمالی وزیرستان کی بچیاں پاک فوج کے تعاون اور مدد سے ملک کے اعلی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔
شمالی وزیرستان میں بچیوں کی تعلیم کو عام کرنے کے لیے بے شمار سکولوں کو فعال کیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ سکولوں کی عدم موجودگی کو پورا کرنے کے لیے موبائل انفوٹینمنٹ اور ایجوکیشن سکول بھی دور دراز علاقوں کی بچیوں میں علم حاصل کرنے کی شمع مسلسل روشن کر رہا ہے۔
اس کے علاوہ خواتین کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لیے وومن ڈگری کالج میران شاہ اور وومن وکیشنل ٹریننگ سینٹر میں کمپیوٹر لیب کا قیام کیا گیا ہے۔جو خواتین کی علمی مہارتوں اور دانشورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
یہی وہ تاریخ ساز اقدام ہیں جن کی وجہ سے شمالی وزیرستان کی خواتین اپنی آنے والی نسلوں میں تحمل, بردباری,انصاف پسندی اور روشن خیالی کی پختہ اور مضبوط بنیاد رکھیں گی۔
بچیوں کے ہاتھوں میں قلم تھمائیں
آنے والے روشن کل کا چراغ جلائیں