ویب ڈیسک: دُنیا کی مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ آئے روز تبدیلیاں کررہا ہے تاکہ صارفین کی پرائیویسی کا خاص خیال رکھا جائے اور اس سلسلے میں ایک اور پیشرفت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکنالوجی کی دنیا میں متعدد ایسی ایپس لانچ ہوچکی ہیں جن کے ذریعے صارفین ایک دوسرے سے آسانی سے پیغام رسانی کرسکتے ہیں، تصاویر، ویڈیوز یا کوئی اہم دستاویز بھیج سکتے ہیں مگر صارفین کی پرائیویسی غیر محفوظ بھی ہے کیونکہ صارفین کا متعدد قیمتی ڈیٹا ایسے ہیکرز کے پاس چلا جاتا ہے جو ا نہیں بلیک میل کرتے ہیں۔
عصرحاضر میں واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو سہولیات کے ساتھ پرائیویسی کی یقین دہانی بھی کرائی جارہی ہے اسی لیے میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے چیٹ لاک فیچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ چیٹ لاک فیچر مئی 2023 میں موبائل ایپس کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے مختلف چیٹس کو ایک فولڈر میں محفوظ کیا جاتا ہے،لاک کی گئی چیٹس تک رسائی سیکرٹ کوڈ کے ذریعے ہوتی ہے۔
مگر اس فیچر میں ایک خامی ہے اور وہ یہ ہے کہ آپ صرف مین ڈیوائس (main device) میں ہی چیٹس کو لاک کر سکتے ہیں جبکہ لنکڈ ڈیوائسز پر وہ لاک نہیں ہوتیں،مگر اب اس خامی کو دور کیا جا رہا ہے۔
ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا (beta) ورژن میں کی جا رہی ہے۔اس کے تحت مین ڈیوائس میں لاک کی جانے والی چیٹ دیگر لنکڈ ڈیوائسز میں بھی لاک ہو جائے گی۔
تمام ڈیوائسز میں چیٹ لاک کے اطلاق سے صارفین حساس چیٹس کو دیگر افراد کی نظروں سے بچا سکیں گے، چاہے وہ افراد ڈیوائس کو استعمال ہی کیوں نہ کریں۔