راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نیدر لینڈز کے سفیر کی ملاقات ہوئی ہے، آرمی چیف اور ڈچ سفیر کی وائوٹر پلومپ کی ملاقات جی ایچ کیو میں ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور ڈچ سفیر نے باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے پاکستان میں تعیناتی کے دوران دوطرفہ تعلقات کی بہتری کے لئے سبکدوش ہونے والے ڈچ سفیر کی کاوشوں کو سراہا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈچ سفیر نے علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔