جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے میں دو افراد شہید ہوگئے ہیں ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے حزب اللہ سے منسلک ٹیلی ویژن چینل المنار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی حملے میں ایک ماں اور اس کا بیٹا شہید ہوگئے ہیں ۔ ادھر غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ آج صبح اسرائیل کے دوبارہ حملوں کے بعد سے کم از کم 109 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ خیا ل رہے کہ اس سے قبل حزب اللہ نے اسرائیلی فوجیوں پر سرحدی حملے کا دعویٰ کیا تھا۔لبنانی گروپ نے کہا تھا کہ اس نے اسرائیل کے ساتھ سرحد کے ساتھ ملٹری پوزیشن کے قریب اسرائیلی فوجیوں کو "مناسب ہتھیاروں سے" نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ حزب اللہ اور اسرائیل نے گزشتہ ہفتے کے دوران سرحد کے ساتھ غیر اعلانیہ جنگ بندی کر رکھی تھی۔ اس حوالے سے حزب اللہ نے کہا ہے کہ جب تک غزہ کے خلاف اسرائیل کی جارحیت جاری رہے گی لبنان اسرائیل سرحد ایک فعال فرنٹ لائن رہے گی۔