عوام کی محبت اور طاقت موروثیت نہیں جمہوریت ہے،مریم نواز

عوام کی محبت اور طاقت موروثیت نہیں جمہوریت ہے،مریم نواز
بہاولپور: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میرے عہدے کی باتیں ہورہی ہیں، میں عہدوں کی محتاج نہیں ہوں، عوام کی محبت اور طاقت موروثیت نہیں جمہوریت ہے۔ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائز مریم نواز نے بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے عہدے کی باتیں ہو رہی ہیں، میں عہدوں کی محتاج نہیں ہوں، عوام کی محبت سرمایہ ہے، عوام کی محبت کو موروثیت نہیں جمہوریت کہتے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے سخت معاہدہ کرکے وعدہ خلافی کی، عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے توڑنے کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔ عمران خان کے چار سالہ جبر کے دور میں ن لیگی کارکنوں نے وفا نبھائی، نواز شریف اور شہباز شریف نے پاکستان کو سری لنکا بننے سے بچایا ہے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے جب سے اقتدار سنبھالا مخالفین نے سمجھ لیا کہ ن لیگ خاموش ہوگئی،یا ن لیگ شاید کمزور ہوگئی، تم نے جتنے میدان میں چکر لگانے تھے لگا لیے اب ن لیگ کی باری ہے۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ مجھے علم ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، گیس بجلی، روٹی مہنگی ہے، مجھے ملک میں مہنگائی کا احساس ہے دلی تکلیف ہے، ملک میں مہنگائی پر نواز شریف لندن میں پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج نے جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردی سے ملک کی جان چھڑا دی تھی، پشاور میں اب یہ دہشت گردی کا واقعہ کیوں ہوا؟ پورے ملک میں حکومتیں عمران خان کی اور الزام شہبازشریف پر، شرم کرو، امریکا پر الزام لگایا اور اب امریکا سے معافی مانگ لی ۔ مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ اگر نواز شریف ہی مسائل کی وجہ تھے تو چار سال میں پھر دودھ کی نہریں بہنی چاہیے تھیں، 2018 سے 2022 تک عمران خان نے ملک توڑا، ملک کے پاس اب نوازشریف اور ن لیگ کے سوا کوئی چوائس نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کا پروگرام پورا کرکے خدا حافظ کہہ دیا تھا، پھر کون آئی ایم ایف کو پاکستان میں واپس لے کر آیا؟ نواز شریف دور کے 9 سال اگر نکال دیں تو باقی کھنڈرات بچتے ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔