(ویب ڈیسک ) لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ اسکولز کی نئے سرے سے رجسٹریشن کرنے اور نجی اسکولوں کو بچوں کیلئے بسیں خریدنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ تدارک کیلئے درخواستوں پر تحریری حکم جاری کر دیا ہے۔
عدالت کی جانب سے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو پرائیویٹ اسکولوں کی نئے سرے سے رجسٹریشن کرنے اور بجی اسکولوں کے بچوں کے لیے بسیں خریدنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ پرائیویٹ اسکولوں کے 50 فیصد بچےگھر تا اسکول ان بسوں پر سفر کریں گے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 2 سال قبل محکمہ اسکول ایجوکیشن کو پرائیویٹ اسکولوں کیلئے بسیں خریدنےکا کہا گیا تھا لیکن محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اس حکم پر عملدرآمد نہیں کروایا۔
اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ نے اسلام آباد لاہور موٹر وے پر کھجور کے درخت لگانے سے روکتے ہوئے موٹروے، محکمہ جنگلات، پی ایچ اے اور نیشنل ہائی وے اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ہدایات دیں۔
جاری تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ جوڈیشل ممبر کے مطابق چھتوں پر پودے لگانے کی مہم شروع ہو چکی ہے، کالجز کی چھتوں پر پودے اور گارڈن بنائے جا رہے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جوہر ٹاؤن میں محکمہ ایل ڈبلیو ایم سی کو صفائی ستھرائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں ۔عدالت نے حکم دیا کہ ایکسپو سینٹر کے گرد صفائی ستھرائی کے بعد پودے لگائے جائیں۔