لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ تمہارے خلاف دائرہ تنگ ہوتا جا رہا ہے، تم کیسز بھگتنے کی تیاری کرو۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ باجوہ صاحب عمران خان کی ایک نہیں دونوں آنکھوں کے تارے تھے، 2018 میں باجوہ صاحب کے کہنے پر ایم پی ایز ایم این ایز توڑے گئے اور پی ٹی آئی میں شامل کرائے گئے،جتنے آزاد امیداور جیتے انہیں اٹھا کر جہانگیر ترین کے جہاز میں لایا گیا اور نیازی کو ڈیلیور کیا گیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہو گئی تو عمران خان نے انہیں برا بھلا کہنا شروع کر دیا، جہانگیر ترین اور علیم خان نے کیا کچھ نہیں کیا لیکن ہر ایک کو عمران خان نے ڈسا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ نیا سوشہ چھوڑ دیا کہ باجوہ صاحب نے پی ڈی ایم کی حکومت بنائی، نہ تو پی ڈی ایم ،پیپلزپارٹی کی حکومت باجوہ صاحب نے بنائی نہ کسی اور نے بنائی، یہ نیازی کی نفرت میں بنی ہے۔ ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ اگلا جو الیکشن آئے گا ان میں وہ بیساکھیاں نہیں ہوں گی عمران خان تمہارے پاس جو 2018 میں تھیں۔ تمہارے خلاف دائرہ تنگ ہوتا جا رہا ہے، تم کیسز بھگتنے کی تیاری کرو، الیکشن 2018 کی جب ٹرم پوری گی اس کے بعد الیکشن ہو گا، کوئی الیکشن جلدی نہیں ہونے لگا، تمہاری خواہش پوری نہیں ہو گی۔اب ہمیں کام کرنے دو، پنجاب کی خیرمناو، پنجاب میں ووٹ آف کانفی ڈینس لینا مشکل ہو جائے گا۔