کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو سندھ ہائیکورٹ طلب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ میں نارتھ ناظم آباد میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سرفراز احمد، سرفراز اکیڈمی اور گرلز کالج انتظامیہ کے درمیان تنازع پر سماعت ہوئی۔ گرلز کالج کی طرف سے یہ بتایا گیا کہ سرفراز احمد نے ہماری باؤنڈری وال میں پچ بنادی ہے جس پر عدالت نے سرفراز احمد کو ذاتی حثیت میں عدالت طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے سرفراز احمد سے مبینہ کالج کی حدود میں پچ بنانے پر وضاحت طلب کی اور ریمارکس دیئے ہیں کہ سرفراز احمد آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں اور زمین کے تنازعے پر اپنا جواب جمع کرائیں۔ دوسری طر ف عدالت نے سماعت کو تین ہفتوں کے لیے ملتوی کردیا ہے۔ اس سے قبل کالج کی پرنسپل مسمات حسینہ فاطمہ نے بھی سندھ ہائی کورٹ میں سرفرازاحمد پر غیرقانونی اکیڈمی چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے زمین پر سے قبضہ ختم کرانے کیلئے درخواست دائر کی تھی کہ جس میں کالج کو سات ایکڑ زمین جبکہ اکیڈمک بلاک کی ایک ایکڑ زمین اکیڈمک بلاک کیلئے مختص کی گئی تھی۔ درخواست کے مطابق بلاک این نارتھ ناظم آباد پلاٹ نمبر ایس ٹی 7 ماسٹر پلان کے مطابق رفاعی پلاٹ ہے اور سرفراز احمد کرکٹ اکیڈمی کی طرف سے غیر قانونی کرکٹ کلب چلارہے ہیں۔