اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کو تمباکو کی غیر قانونی فروخت کی مکمل روک تھام کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، مشیر وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، چیئر مین ایف بی آر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیرِ اعظم نے پاکستان میں سگریٹ اور تمباکو مصنوعات کی غیر قانونی فروخت کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔ وزیرِ اعظم نے 15 جولائی تک سگریٹ کے تمام کارخانوں میں ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسی کو بھی ملکی خزانے کو نقصان نہیں پہنچانے دینگے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اسمگلنگ اور ٹیکس چوری والے سیگریٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔