ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ علی خامنہ ای کا مسلم ممالک سے اسرائیل کے بائیکاٹ کا مطالبہ

ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ علی خامنہ ای کا مسلم ممالک سے اسرائیل کے بائیکاٹ کا مطالبہ
تہران : ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کا بائیکاٹ کریں۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے مسلم ریاستوں سے اسرائیل کو تیل اور خوراک کی برآمدات بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ کی پٹی پر بمباری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے تہران میں طلباء کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "غزہ پر بمباری فوری طور پر بند ہونی چاہیے، صیہونی حکومت کو تیل اور خوراک کی برآمدات کا راستہ روکنا چاہیے۔" انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ اسرائیل کے "فلسطینیوں کے خلاف حالیہ جرائم" میں شریک ہے۔ عالم اسلام کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ غزہ کے اہم مسئلے میں مظلوم فلسطینی قوم کے خلاف کھڑے ہونے والوں میں امریکہ، فرانس اور برطانیہ تھے۔ خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 8 ہزار 500 سے زیادہ ہوگئی ہے اور 23 ہزار سے زائد زخمی ہیں، شہید افراد میں 3542 بچے اور 2187 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ 2 ہزار افراد اب بھی تباہ شدہ عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن میں 1100 بچے بھی شامل ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔